لاہور۔25اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے چوتھے دن کا جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا، جس میں شہر بھر میں جاری پولیو مہم کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر زہیب حسن خان اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران سی او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 4 لاکھ 8 ہزار 227 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
مہم کے دوران مجموعی طور پر 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں پولیو کا مکمل خاتمہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے "زیرو پولیو ویژن” کا اہم ستون ہے، جسے ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس قومی مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو سے پاک لاہور ہمارا ہدف ہے اور اس مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح سرگرم عمل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587650