پشاور۔ 25 اپریل (اے پی پی):بنوں اور پشاور کے کالجز میں بیوروکریسی کی مداخلت کیخلاف کالجز کے اساتذہ نے صوبے بھر میں بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو معذرت کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے انٹر میڈیٹ امتحانات کے مکمل بائیکاٹ کی دھمکی دے دی ہے۔اس سلسلے میں کالجز کے ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر عبد الحمید آفریدی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز پورے صوبے کے تمام کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، کالجز کے اساتذہ انتظامی ناانصافی اور بے احترامی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میٹرک امتحانات کے انعقاد میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا گیا، 2 روز قبل گورنمنٹ ڈگری کالج ڈومیل بنوں اور گذشتہ روزسپیرئیر سائنس کالج پشاور میں شہری انتظامیہ کا رویہ نہایت غیر مناسب اور ناقابلِ قبول تھا۔ان کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری ان واقعات کا فوری طور پر نوٹس لیں اور ان واقعات میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کریں، بصورت دیگر کالج اساتذہ کی تنظیم 7 مئی سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587683