سرگودھا ۔ 25 اپریل (اے پی پی):کمشنر سرگودہاجہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ گورنمنٹ جامعہ بوائز سکول اور گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول پر قائم میٹرک کے امتحان سنٹرز کا اچانک معائنہ کیا جہاں بائیو اور کمپیوٹر کے جاری پریکٹیکلز میں کھلے عام نقل کی جا رہی تھی۔ سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ امیدواروں کو نقل میں مدد فراہم کرنے میں مصروف پایا گیا۔ کمشنر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے گورنمنٹ جامعہ بوائزہائی سکول کےبیالوجی اورکمپوٹر لیب کے سپرنٹنڈنٹ کفیل قاسم اور غلام سجاد کو فوری ڈیوٹی سے ہٹا دیا۔ انہوں نے گورنمنٹ سنٹر ماڈل سکول امتحانی سنٹر کےبائیوسپرنٹنڈنٹ عبدالرئوف کو بھی ہٹا دیا۔
کمشنر نے تینوں سپرٹینڈنٹ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے تینوں نگران کو امتحانی ڈیوٹی کے لیے تاحیات نااہل قرار دے دیا۔ کمشنر نے دنوں سنٹرز پرنقل میں مصروف اُمیدواروں کے خلاف بھی ضابطہ کی کارروائی کی ہدایت کی۔ کمشنرجہانزیب اعوان نے کہاکہ نقل میں مدد دینے والےعملہ کو مثال بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکنڈری ایجوکیشن کے سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کو امتحانی انتظامات کو فول پروف بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقل مافیاء کے خلاف زیروٹالینس پالیسی پرسختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587983