فیصل آباد۔ 28 اپریل (اے پی پی):ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2025 کا آغاز 29 اپریل بروز منگل سے ہو گا جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل اور سنٹرز کی 100 گز کی حدود میں دفعہ 144بھی نافذ کر دی گئی تاکہ کوئی غیرمتعلقہ شخص سنٹرز کے اندر داخل نہ ہو سکے۔ترجمان ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد ساجد نقوی کے مطابق امتحان میں کل 105405 طلبا وطالبات شریک ہوں گے جن کیلئے جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور فیصل آباد کے اضلاع میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے ان کے گھروں وتعلیمی اداروں کے قریب 325 امتحانی مراکزقائم کئے گئے ہیں تاکہ طلبا وطالبات کو پیپرز دینے کے سلسلہ میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس سلسلہ میں سیکرٹری و کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ فیصل آباد ڈاکٹر حبیب الرحمن کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں امتحانات سے متعلق تمام افسران و اہلکاران شریک ہوئے اس موقع پر سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ بوٹی مافیا کے خاتمہ اور صاف و شفاف امتحانی نظام کے انعقاد کے سلسلہ میں سخت و ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ طلبا وطالبات کیلئے بنائے گئے امتحانی مراکز میں محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والا حاضر سروس ایماندار،فرض شناس و اچھی شہرت کا حامل امتحانی عملہ متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ ہر بچے پر یکساں نظر رکھے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کے شفاف و شاندار انعقاد کے سلسلہ میں جن بورڈ افسران و ملازمین کو جو بھی ڈیوٹی تفویض کی جائے وہ اپنا دماغ حاضر اور آنکھیں کھلی رکھ کر اسے بخوبی سرانجام دے۔ اس سلسلہ میں ذرا سی بھی غفلت،کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ طلبا وطالبات کے مستقبل کا معاملہ ہے۔
ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ ایجوکیشن بورڈ سمیت ہر تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پل پل کی موصولہ رپورٹس جمع کرکے ایک جامع رپورٹ سیکرٹری ہایئر ایجوکیشن سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران کو پہنچائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588959