صادق آباد۔ 29 اپریل (اے پی پی):تحصیل ہیڈ کواٹر سپتال صادق آباد میں نئی تعیناتی کے بعد ڈاکٹر حافظ بابر علی نے ایم ایس (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) کا چارج سنبھال لیا ہے۔ چارج سنبھالنے پر علاقہ بھر کی معروف سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات نے ڈاکٹر حافظ بابر علی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔مبارکباد پیش کرنے والوں میں معروف سیاسی رہنما ملک خوشی محمد وسیم، سماجی شخصیت ولایت احمد چوہدری، چوہدری احسان اللہ جٹ، ممتاز کاروباری شخصیت یونس وکی اور رانا محمد حنیف شامل تھے۔ انہوں نے ڈاکٹر حافظ بابر علی کو پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
مبارکباد دینے والوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر حافظ بابر علی اپنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنائیں گے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر حافظ بابر علی نے تمام شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر اعتماد کا اظہار ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے اور ہسپتال کو ایک مثالی طبی مرکز بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔
محکمہ صحت اور علاقہ مکینوں کی جانب سے بھی ڈاکٹر حافظ بابر علی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں میں ان کی تعیناتی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589473