سیالکوٹ۔29اپریل (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یکم مئی کو ان کے مرحوم بھائی ملک سجاد حیدر اعوان، والد گرامی حاجی عاشق حسین اعوان، دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے پروگرام کا انعقاد کیا جا ئے گا۔ اس مقصد کے لیے انتظامی کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب کا ذریعہ ہو گا بلکہ ایک روحانی اجتماع کی حیثیت سے لوگوں کے دلوں کو بھی منور کرے گا، اس بابرکت محفل میں حفاظ کرام، علماء عظام، قراحضرات، نعت خواں شیریں بیان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایصال ثواب کی اسلامی تعلیمات میں بڑی اہمیت ہے، یہ عمل نہ صرف مرحومین کے درجات کی بلندی کا باعث بنتا ہے بلکہ زندہ افراد کے دلوں میں بھی اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، اہل بیت اطہار کی محبت، عقیدت اور نیکی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اجتماعی دعا، تلاوتِ قرآن پاک ، ذکر و نعت اور صدقات کے ذریعے ہم اپنے مرحومین کو وہ روحانی تحفہ دیتے ہیں جو ان کے لیے قبر میں راحت اور بخشش کا سامان بنتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589601