لاہور۔29اپریل (اے پی پی):انصاف کی تلاش میں فیصل آباد کی رہائشی بزرگ خاتون سٹریچر پر لاہور پہنچ گئیں۔فیصل آباد کی 70 سالہ بزرگ خاتون، خورشید بی بی جو گھریلو تشدد اور جائیداد پر ناجائز قبضے کا شکار تھیں ایمبولینس کے ذریعے لاہور میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے دفتر پہنچیں۔انہوں نے چیئرپرسن حنا پرویز بٹ کو ملاقات میں بتایا کہ ان کے قریبی رشتہ داروں نے نہ صرف ان پر جسمانی تشدد کیا بلکہ ان کی ذاتی جائیداد پر بھی زبردستی قبضہ کر لیا۔
واقعے کی ایف آئی آر تھانہ فیکٹری ایریا فیصل آباد میں درج ہے۔حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کی شکایت توجہ سے سنی اور فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو انصاف کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انکا کہنا تھا کہ خورشید بی بی اس حالت میں ان کے پاس امید لے کر آئیں ہیں وہ مطمئن رہیں انہیں انصاف ضرور ملے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589628