لاہور۔30اپریل (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 مئی تک جواب طلب کر لیا۔ جسٹس خالد اسحاق نے درخواست گذار شہری منیر احمد کی جانب سے دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق واضح فیصلہ دیا تھا، تاہم اس فیصلے پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس سے آئینی حکم عدولی ہو رہی ہے۔جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 مئی تک جواب طلب کر لیا ہے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر فوری اور غیر مشروط عملدرآمد تمام اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ توہین عدالت کے مترادف ہو سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590183