حیدرآباد۔ 30 اپریل (اے پی پی):محکمہ کھیل اور امورِ نوجوانان نے جامعہ سندھ، جامشورو میں "سندھ کے نوجوانوں کی معاشی بااختیاری کے لیے انٹرپرینیورشپ” کے عنوان سے سیشن کا اہتمام کیا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کی سوچ کی حوصلہ افزائی کرنا، خود انحصاری کو فروغ دینا اور کامیاب کاروباری منصوبے شروع کرنے اور انہیں برقرار رکھنے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ سیشن میں معزز مہمانانِ گرامی بشمول پروفیسر ڈاکٹر حمد اللہ کاکیپوٹو ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز؛ چیئرپرسن محترمہ صائمہ شیخ شعبہ سوشیالوجی؛ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز علی وسان شعبہ سوشیالوجی اور پروفیسر ڈاکٹر امیر علی ابڑو ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروگرام منیجر نے شرکت کی۔
ان کی موجودگی اور حمایت نے نوجوانوں کی ترقی اور جدت طرازی کے لیے تعلیمی عزم کو اجاگر کیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان علی ملاح، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معیز حسین سومرو اور شعبہ سوشیالوجی کی چیئرپرسن محترمہ صائمہ شیخ نے بھی تقریب میں شرکت کی ،اپنے کلمات میں محترمہ شیخ نے نوجوانوں پر معاشی آزادی اور سماجی اثرات کے لیے انٹرپرینیورشپ کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ افتتاحی کلمات اسسٹنٹ ڈائریکٹر معیز حسین سومرو نے پیش کیے جنہوں نے تقریب کے مقاصد بیان کیے اور نوجوانوں کو ماہر ٹرینر اور پینلسٹس سے سیکھنے اور انٹرپرینیورشپ کے سفر کے لیے ان کے ساتھ نیٹ ورکنگ قائم کرنے کی ترغیب دی۔
اس کے بعد این آئی سی حیدرآباد کے اسٹارٹ اپ پروگرام منیجر وقاص بن اظہر نے ایک خصوصی تربیتی سیشن منعقد کیا، جس میں اسٹارٹ اپ کی ترقی، بزنس ماڈلنگ، اور مقامی تناظر میں انٹرپرینیورشپ کے چیلنجز سے نمٹنے پر عملی تربیت فراہم کی گئی ،اسکے بعد ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590627