لاہور۔1مئی (اے پی پی):وزیراعلی مریم نوازکی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب کا مثالی تعلیم دوست اقدام، پنجاب بھر کی جیلوں میں "سمارٹ لائبریری” پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں سمارٹ لائبریری کا افتتاح کیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پراجیکٹ کے تحت قیدیوں کو ان کی بیرک کے اندر کتابیں اور شیلف مہیا کیے گئے ہیں، پنجاب کی تمام 44 جیلوں میں بیرکس کے اندر سمارٹ لائبریریز قائم کی گئی ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کیمپ جیل لاہور میں سمارٹ لائبریری کے افتتاح پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم دوست منصوبے کے تحت صوبہ بھر کی جیلوں میں ایک لاکھ کتابیں پہنچائی گئی ہیں جبکہ ہر ماہ ہر جیل میں 500 نئی کتابوں کا ٹارگٹ بھی دیا گیا ہے۔ نور الامین مینگل نے کہا کہ قیدیوں کی تربیت اور اصلاح کیلئے کتب بینی کا سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال میں قیدیوں کی اصلاح و فلاح کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے جن میں بہتر خوراک و ماحول کی فراہمی، جیل انڈسٹری میں تکنیکی تربیت اور نفسیاتی و ذہنی صحت کی جانچ وغیرہ شامل ہیں،
اسی طرح ماہانہ بنیادوں پر ہر بیرک کی کتابیں دوسری بیرک سے تبدیل کی جائیں گی تاکہ قیدیوں کو نئی کتب پڑھنے کا موقع ملے۔ ترجمان نے بتایا کہ سمارٹ لائبریری میں اخلاقیات، تاریخ، اصلاحی سبق آموز، ادب، کردار سازی اور اسلام بارے کتابیں رکھی گئی ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب نے بیرکس میں قائم سمارٹ لائبریری کیلئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق تعلیم یافتہ قیدی دیگر 10 اسیران کو کتاب کا خلاصہ بیان کریں گے، تمام خواندہ قیدی دورانِ اسیری کم از کم ایک کتاب پڑھنے کے پابند ہونگے ،
ہر جیل میں ماہانہ بنیادوں پر زیادہ کتابیں پڑھنے والے قیدی کو انعام دیا جائے گا اور ہر بیرک کا انچارج کتابوں کی حفاظت و قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہوگا۔ سمارٹ لائیبریری پراجیکٹ کے افتتاح پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (پریزن) عاصم رضا، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر، ڈی آئی جی جیل لاہور ریجن نوید رئوف، جیل سپرنٹنڈنٹ ظہیر احمد ورک اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590868