22.7 C
Islamabad
جمعہ, مئی 2, 2025
ہومکھیل کی خبریںپی ایس ایل 10 :کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز...

پی ایس ایل 10 :کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے ہرادیا

- Advertisement -

لاہور۔1مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 20ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیمز ونس کی بہترین بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

وارنر اور ٹم سیفرٹ نے ٹیم کو 53 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، سیفرٹ 22 رنز بنانے کے بعد عبید شاہ کا شکار بنے۔اگلے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر 30 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جس کے بعد آنے والے عمیر یوسف صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، جیمز ونس نے عرفان خان نیازی کے ساتھ ملکر 78 رنز کی اہم شراکت قائم کی، عرفان 40 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے تاہم جیمز ونس کیریز پر ڈٹے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 45 گیندوں پر 65 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ خوشدل شاہ نے 13 گیندوں پر33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہ بھی ناٹ آئوٹ رہے۔

- Advertisement -

ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 2، ڈیوڈ ویلے اور کرٹس کیمفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے دونوں اوپنرز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، کپتان محمد رضوان دوسرے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عثمان خان بھی ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے ۔کامران غلام 29 اور یاسر خان 26 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، رٹس کیمفر 12، افتخار احمد 8، مائیکل بریسویل 2، ڈیوڈ ویلے صفر اور عبید شاہ 14 رنز پر آئوٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے محمد نبی نے 3، خوشدل شاہ، میر حمزہ نے 2،2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590978

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں