28.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان رواں ماہ بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائش میں...

پاکستان رواں ماہ بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائش میں بھرپور شرکت کرے گا ، پاکستانی تاجر برادری اس موقع سے فائدہ اٹھائے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان رواں ماہ بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائش میں بھرپور شرکت کرے گا ، تاجر برادری کو نمائش میں شرکت کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی ، پاکستانی تاجر برادری اس موقع سے فائدہ اٹھائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی قیادت چیئرپرسن خواتین کاروباری کونسل حنا منصب خان نے کی ۔ وفد نے وفاقی وزیر سے ملاقات میں ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں 19 سے 21 مئی 2025 تک منعقد ہونے والے ’’سائوتھ ایشین بازار‘‘ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

- Advertisement -

ملاقات میں حنا منصب خان نے پاکستانی نمائش کنندگان کے لیے حکومت سے معاونت کی درخواست کی، خاص طور پر سٹالز کے لیے سبسڈی کی فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے بازار کو خطے کے تجارتی روابط کو فروغ دینے اور سارک ممالک کے تاجروں و کاروباری اداروں کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم قرار دیا۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے سارک چیمبر کی کوششوں کو سراہا اور وفد کو حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

انہوں نے خطے میں تعاون اور معاشی خود مختاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو ایس او پیز کے مطابق آگے بڑھائے اور پاکستان کی شرکت کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کرے۔وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ یہ ایونٹ خطے کے انضمام اور پاکستانی مصنوعات کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے،ہم ان تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جو تجارت اور کاروباری صلاحیت کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائوتھ ایشین بازار میں سارک کے تمام رکن ممالک سے شرکا کی شرکت متوقع ہے، جو نیٹ ورکنگ، کاروباری ترقی اور ثقافتی تبادلوں کے لیے ایک بھرپور پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591529

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں