کراچی۔ 02 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ کا دورہ کیا اور قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتھی سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق دورے کے دوران گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کا متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتھی نے پرتپاک استقبال کیا۔ گورنر کے پی کے نے یو اے ای کی مسلسل حمایت کی تعریف کی اور اسے پاکستانیوں کا دوسرا گھر قرار دیا۔
گورنرکے پی کے نے اسلام آباد میں ہونے والی پاکستان مائنز اینڈ منرلز کانفرنس کا بھی ذکر کیا جس کا مقصد اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا ہے اور متحدہ عرب امارات کی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کے پی کے کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ گورنر نے یو اے ای قونصلیٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قونصلیٹ کے بزنس ویزا سیکشن کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر گورنرکویو اے ای کے کونسل جنرل نے بتایا کہ کاروباری سیکشن باہمی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا، کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مزید برآں، پاکستانی شہری اب پانچ سالہ ویزا پروگرام حاصل کرنے کے اہل ہیں جو دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ یو اے ای کے قونصل جنرل نے یو اے ای کی ترقی میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا اور پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591532