ریاض ۔3مئی (اے پی پی):سعودی عرب 3روزہ ایتھنز دفاعی نمائش میں شرکت کرے گا۔ اردو نیوز کے مطابق ملٹری انڈسٹریز کی جنرل اتھارٹی کی طرف سے سعودی پویلین کا انتظام کیا گیا ہے،نمائش 6 سے 8 مئی کے دوران ایتھنز کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میٹروپولیٹن ایکسپو سینٹر میں ہوگی۔
نمائش میں شریک ممالک اور بین الاقوامی کمپنیاں نہ صرف سائبر سکیورٹی بلکہ زمینی، آبی اور فضائی دفاع کے لیے جدید ترین نظاموں کو نمائش کے لیے پیش کریں گی۔دفاعی ترقی کی جنرل اتھارٹی اور سعودی ملٹری انڈسٹریزایتھنز کے سعودی پویلین میں شامل ہوں گے۔
دفاعی صنعت میں مملکت کی اہم کامیابیوں، پروگرام کےساتھ ساتھ پویلین میں جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور اس نظام کو بھی سامنے لایا جائے گا جو قومی ملٹری کی صنعت میں ترقی کے اعلیٰ ترین معیار کی ترجمانی کرتے ہیں۔اس کے علاوہ پویلین ملٹری انڈسٹریز کی جنرل اتھارٹی کی ان پالیسیوں اور ضابطوں کو بھی نمایاں کرے گا جو مقامی اور بین الاقومی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اختیار کیے گئے ہیں۔
پویلین مملکت کے دفاعی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے دستیاب ماحول کو بھی اجاگر کرے گا۔ڈی ای ایف ای اے کو یونان کی وزارتِ دفاع کا تعاون حاصل ہے اور یہ 28 ممالک کے تین سو چھیالیس نمائش کندگان کی میزبانی کرے گا جہاں سے لگ بھگ 23 ہزار افراد نمائش میں شریک ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591678