انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 26 مئی تک توسیع کردی

81

لاہور۔3مئی (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہاوس حملہ سمیت دیگر تین مقدمات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 26 مئی تک توسیع کردی ۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان شامل تفتیش ہوئے ہیں جس پر عمر ایوب کے وکیل نے بتایا کہ ہم متعدد بار شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے شامل تفتیش ہونے سے متعلق ہم ریکارڈ دیکھ لیتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 26 مئی تک توسیع کردی ۔عمر ایوب و دیگر کے خلاف پولیس تھانہ گلبرگ ، تھانہ سرور روڈ اور تھانہ ریس کورس میں مقدمات درج ہیں ۔