پشاور۔ 04 مئی (اے پی پی):صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے رات کے اوقات میں فقیرآباد کے علاقے میں قائم غیر قانونی سبزی منڈی کے خلاف کارروائی کے دوران سبزیوں سے بھری 13 گاڑیوں کو سرکاری تحویل میں لیتے ہوئے مالکان کو موقع پر گرفتار کر لیا.
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ منڈی سڑک کے عین اوپر قائم کی جاتی تھی جس سے شہریوں کو شدید ٹریفک مسائل کا سامنا تھا جبکہ صفائی کی صورتحال بھی بری طرح متاثر ہو رہی تھی۔ منڈی کے باعث نہ صرف راستے بند ہو جاتے تھے بلکہ گرد و غبار، کوڑا کرکٹ اور تجاوزات کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی زندگی بھی اجیرن ہو چکی تھی۔
ضبط شدہ سبزیاں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی نیلام کی جائیں گی. ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق پشاور میں غیر قانونی منڈیاں اور اشیاء کی غیر قانونی نقل و حمل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلع بھر میں مارکیٹ ریگولیشن، صفائی کے معیار اور عوامی سہولیات کے تحفظ کو یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
ہم قانونی اور باقاعدہ منڈیوں کو فروغ دے رہے ہیں تاکہ کسان، دکاندار اور خریدار سب کو یکساں اور منصفانہ مواقع میسر آئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ایسی کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل سے جاری رکھی جائیں گی. انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ پشاور شہر کو صاف، محفوظ اور منظم رکھا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592161