21 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بھارت الزامات کی بجائے ثبوت...

پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بھارت الزامات کی بجائے ثبوت پیش کرے ۔علی پرویز ملک

- Advertisement -

لاہور۔4مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ مسلسل محنت اور موثر پالیسیوں کے باعث ملک بہتری کی جانب گامزن ہے، وہ ملک جو دیوالیہ پن کے دہانے پر تھا، اب معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اتوار کو داروغہ والا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو پایا ہے اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمت جو چالیس روپے فی یونٹ سے تجاوز کر چکی تھی، اب 7 سے 8 روپے کم کی جا چکی ہے، جب کہ نئے بجلی کنکشنز کی فراہمی کو بھی آسان بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور متبادل ایندھن کے انتظام پر بھی کام جاری ہے۔ ٹائر جلانے جیسے پرتشدد مظاہروں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر ہم اتحاد اور اتفاق سے چلتے رہے تو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری اسلامی دنیا کا نقشہ بدل جائے گا۔ خطے کی صورتحال کے پیش نظر قومی یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ دنیا کو بتانا ہوگا کہ ہم ایک متحد قوم ہیں، بھارت کی جانب سے حالیہ الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ بھارت اپنی کمزوریوں اور نالائقی کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالے۔

اگر اس کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو پیش کرے، ورنہ بے بنیاد الزامات سے اجتناب کرے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ الزامات کی بجائے ثبوت سامنے لائے جائیں۔علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر ضرورت پڑی تو ابھینندن کی چائے کی یاد دہانی کروانا پڑے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور ہمیں کسی سے اس بارے میں درس لینے کی ضرورت نہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592173

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں