اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پہلگام واقعہ کی مذمت اور اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے ظلم و بربریت سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا،بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پر کچلنا چاہتا ہے لیکن بھارت آج تک اپنے اس ناپاک ارادے میں کامیاب نہیں ہو سکا،مقبوضہ کشمیر کے غیر مسلح عوام نے اپنے خون کی قربانیاں دے کر تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہواہے۔
ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس (آزادکشمیر چیپٹر) کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ناکامی کے بعد اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لے کر مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و جبر کر رہا ہے،ہم بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت کوایسے جارحانہ اقدامات سے روکے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کومظلوم کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
بھارت ہمیشہ اسی کوشش میں رہا ہے کہ وہ آزادکشمیرکی امن و سلامتی خراب کرکے یہاں پر بد امنی پھیلائے لیکن بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے اندر ایسے فالس فلیگ آپریشن کرنے سے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مزید تقویت ملتی ہے اور بھارت کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے آشکار ہوتے ہیں۔ لہذا ایسے وقت میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی قیادت، حریت کانفرنس (آزادکشمیر چیپٹر) اور بیرون ملک آباد کشمیریوں کو مل کر دنیا کے سامنے بھارت کے مظالم کو بے نقاب کرنا ہو گا تاکہ دنیا بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈوں اور مظالم سے آشناء ہو سکے۔
حریت کانفرنس کے وفد میں کنونیئر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی، میڈم شمیم شال، جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، میاں مظفر، شیخ عبدالماجد، سید گلشن، منظور احمد ڈار، عدیل مشتاق وانی شامل تھے۔ اس موقع پر حریت کانفرنس کے وفد نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلات سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعہ کے بعدکشمیریوں پر بھارت کی طرف سے جاری بربریت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی اور اس سلسلے میں بیرون ملک آباد کشمیریوں کے ساتھ مل کرمزید متحرک انداز میں بین الاقوامی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے کام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے کیونکہ پاک بھارت دو جوہری قوتیں ہیں دونوں ممالک (پاکستان، بھارت) کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے۔
لہذا امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا کے دیگر با اثر ممالک آگے بڑھیں اور بھارت کو اُس کے جارحانہ اقدامات سے روکیں اور جنوبی ایشیاء پر جنگ کے منڈھلاتے بادلوں کو کم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت جھوٹے پروپیگنڈے کر کے مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری و ساری رکھیں گے اور انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔
اس موقع پر کنوینر جناب غلام محمد صفی نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان رہنماؤں میں نمایاں ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور حریت کانفرنس کے ساتھ ان کے ہمیشہ قریبی اور مثالی تعلقات رہے ہیں۔ اس اہم ملاقات میں حالیہ سانحہ پہلگام کے پس منظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری اسرائیلی طرز کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کنوینر غلام محمد صفی نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی قابض افواج نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ نہتے کشمیریوں کے گھروں کو بارود لگا کرمسمار کیا جا رہا ہے، ہزاروں نوجوانوں کو بلا جواز گرفتار کر کے عقوبت خانوں میں ڈالا جا رہا ہے، کشمیری طلبہ و طالبات کو بھارت کی مختلف ریاستوں میں تشدد اور حراساں کیا جارہا ہے،اور کشمیری خاندانوں کو ان کے آبائی گھروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پہلگام کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنا اور ان کی جدوجہد آزادی کو دبانا ہے۔ یہ تمام کارروائیاں مقبوضہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے اور کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرانے کی مذموم کوششیں ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تمام عالمی تنظیموں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے۔
کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جائے، جس کا وعدہ خود اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کر رکھا ہے۔ وفد نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا ادراک کرے اور کشمیریوں کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیری عوام دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں اب مزید ظلم و ستم کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ملاقات میں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سانحہ پہلگام کے بعد مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ڈیموگرفی کی تبدیلی کے مذموم منصوبوں، نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں، بھارت میں زیر تعلیم کشمیری طلباء پر تشدد کے واقعات اور کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کرنے کے ظالمانہ اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے واضح الفاظ میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت حاصل ہونے تک ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور بھارت پر کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے احترام کے لیے دباؤ ڈالے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پاکستان اور بھارت دونوں پر زور دیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ اور پیچیدہ تنازعہ ہے جس کا حل صرف بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے تاکہ اس اہم مسئلے کا کوئی پرامن اور منصفانہ حل تلاش کیا جا سکے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مضبوط یکجہتی کے اظہار اور ان کی اصولی موقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وفد نے مقبوضہ کشمیر میں جاری تازہ ترین صورتحال سے صدر مملکت کو آگاہ کیا اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مقبوضہ کشمیر میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور عالمی برادری سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اس نازک صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا یہ بیان کشمیری عوام کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے اور امید کی ایک کرن ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592177