اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ سعودی حکام، متعلقہ محکموں اور مشن کی جانب سے بغیر کسی رکاوٹ کے فلائٹ آپریشن اور غیر معمولی انتظامات کی بدولت پاکستانی عازمین حج شیڈول کے مطابق مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔
اتوار کو انہوں نے ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں انٹرویو میں کہا کہ پاکستان عازمین حج کے لیے بہترین ممکنہ خدمات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حج مشن نے سعودی حکام کے ساتھ قریبی تعاون سے عازمین حج کو ان کے پورے سفر میں بغیر کسی رکاوٹ کے سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ہے۔ ڈی جی حج نے رواں سال سرکاری حج سکیم کے تحت سہولیات میں نمایاں اپ گریڈ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج اب اپنی ضروریات کے مطابق رہائش کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حج مشن نے پاکستانی عازمین کے لیےمنیٰ میں تقریباً 93 ہزار بستر کا انتظام کیا ہے جن میں قابل ذکر سہولیات بشمول صوفہ بستر اور ذاتی اسٹوریج ہیں، پاکستان کی حج تاریخ میں پہلی بار حجاج کے آرام اور سہولیات میں نمایاں اضافہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے حاجیوں کے لیے ویلیو ایڈڈ خدمات کو ترجیح دی ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے موبائل ایپلیکیشنز بھی شامل ہیں۔ جدت پر مبنی اس توجہ سے خدمات میں بہتری لائی گئی ہے اور حجاج کے سفر کو مزید بہتر بنایا گیا کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592181