ملتان۔ 04 مئی (اے پی پی):ریسکیو 1122ملتان کی جانب سے انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر آگاہی واک، فلیگ مارچ اور سیمینار کاانعقاد کیاگیا جس کا مقصد فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرنا اوران کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عوام الناس کو فائرسیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے دوران کمیونٹی کو ان کے اہم کردارسے متعلق آگاہی فراہم کی جاسکے اورفائر ایمرجنسی کے واقعات میں کمی ممکن بنائی جاسکے۔اتوار کے روز یہاں آگاہی واک کا آغاز چوک کمہاراں والہ سے ہوا جومدنی پارک پر اختتام پذیرہوئی۔واک کے شرکاء نے فائرفائٹرزکی خدمات کے اعتراف بارے اورفائرسیفٹی سے متعلق بینرز اٹھا رکھے تھے۔واک کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کی۔
آگاہی واک میں ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال ، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمدارشدخان، فائر ریسکیوز، والنٹیرز، سول سوسائٹی کے افراد،ریسکیورز اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر نجی سکول کے طلباء نے ریسکیو سینٹرل اسٹیشن چوک کمہاراں والہ کا دورہ کیا،انھیں فائر فائٹنگ میں استعمال ہونے والے آلات بارے معلومات دی گئیں اور ریسکیو کنٹرول روم کا وزٹ بھی کروایا گیا۔آگاہی واک کے بعد”فائرفائٹرزحقیقی ہیروزہیں“ کے موضوع پرریسیکوہیڈ آفس چوک کمہاراں والہ میں ایک سیمینار کا انعقاد ہوا۔ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائرفائٹرز درحقیقت قوم کے حقیقی ہیروزہوتے ہیں،فائرفائٹرز نہ صرف انتہائی مشکل کی گھڑی میں لوگوں کی مددکرتے ہیں بلکہ بعض اوقات لوگوں کے مال وجان کی حفاظت کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرتے ہیں
فائٹرز اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر لوگوں کے جان ومال کا تحفظ کرتے ہیں فائر فائٹر ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،انکی بدولت لوگوں میں احساس تحفظ پیدا ہوتا ہے کہ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں ریسکیو 1122کے فائر فائٹرز عوام کی خدمت کیلئے ہر دم تیار ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بنائے گئے فائر سیفٹی کے قوانین پر عمل در آمد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلند منزلہ عمارتوں کے مالکان سے ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بنائے گئے فائر سیفٹی کے قوانین پر عمل در آمد کریں تاکہ بلند بالا عمارتوں کو فائر لگنے کے واقعات سے محفوظ بنایا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592235