سکھر۔ 05 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خیرپور میرس فیاض حسین راہوجو نے تعلیمی بورڈ سکھر کے تحت ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ ممتاز کالج، گورنمنٹ سپیریئر سائنس کالج اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول خیرپور میرس کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران طلبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا اور ان کے 30 سے زائد موبائل فونز ضبط کیے گئے۔ خاص طور پر گورنمنٹ سپیریئر سائنس کالج میں تعینات ایکسٹرنل کی لاپرواہی پر اسے شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔
اس موقع پر ڈی سی خیرپور نےکہا کہ نقل کا کلچر ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ امتحانی مراکز پر تعینات اساتذہ، انویجیلیٹرز، ایکسٹرنلز اور دیگر متعلقہ عملہ امتحانی نظام کی شفافیت کے لیے ذمہ داری سے کام کریں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ محنت سے تیاری کریں کیونکہ نقل ان کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ امتحانی مراکز پر تعینات عملہ اور متعلقہ افسران روزانہ رپورٹ جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔
سکھر تعلیمی بورڈ کے تعاون سے ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن میں اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے افسران شامل ہیں، جو امتحانی مراکز کا دورہ کرکے رپورٹ دیں گے۔اس موقع پر ڈی ڈی انفارمیشن خیرپور وسیم گل سولنگی، کالجوں کے پروفیسرز، لیکچرارز اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592729