اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر ایک اہم تعمیراتی سنگ میل عبور کر لیا گیا ، اپریل 2025 میں پاور ہاؤس کی مرکزی ڈھلوان کی کھدائی اور سپورٹ کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، یہ کامیابی کنکریٹ پاور ہاؤس کی مکمل تعمیر کے آغاز کی راہ ہموار کرتی ہے۔چائنا گیزوبہ گروپ کمپنی نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ منصوبے کے دوران متعدد زمینی و تکنیکی چیلنجز سامنے آئے جن پر تعمیراتی ٹیم نے بھرپور مہارت سے قابو پایا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق کھدائی کا حجم 832,000 مکعب میٹر مقرر کیا گیا تھا تاہم زمینی تبدیلیوں اور ڈیزائن میں نظرثانی کے باعث یہ حجم بڑھ کر 1.68 ملین مکعب میٹر ہو گیا۔
150 میٹر بلند اس ڈھلوان کو مضبوط بنانے کے لئے ٹینڈن اینکرز کی لمبائی 800 میٹر سے بڑھا کر 76,000 میٹر تک کی گئی۔یہ منصوبہ چائنا گیزوبہ گروپ کمپنی (سی جی جی سی ) جو کہ چائنہ انرجی انجینئرنگ کوآپریشن پاکستان کی ذیلی کمپنی ہے ، کی زیر نگرانی "ڈیزائن، بہتری اور تعمیر” کے مربوط طریقہ کار کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔
ٹیم نے تعمیراتی طریقوں کو مسلسل حالات کے مطابق ایڈجسٹ کرتے ہوئے یہ کام محفوظ، مؤثر اور اعلیٰ معیار کے مطابق انجام دیا۔یہ کامیابی نہ صرف منصوبے کے اگلے مراحل کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے بلکہ سی جی جی سی کی بین الاقوامی سطح پر پیچیدہ ہائیڈرو پاور منصوبوں میں انجینئرنگ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592734