25.5 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان کی ریفائنریز کے سی...

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان کی ریفائنریز کے سی ای اوز کی ملاقات ، توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان کی معروف ریفائنریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں حکومت اور ریفائننگ سیکٹر کے درمیان تعاون کو بڑھانے، پائیدار توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے، ریفائنریز کی کارکردگی بہتر بنانے اور ریفائنریز کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کےمطابق وزارت پٹرولیم میں ہونے والی اس ملاقات میں ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، ایندھن کے معیارات، اور پٹرولیم سیکٹر کو پاکستان کی معیشت میں زیادہ موثر بنانے کے لیے پالیسیوں جیسے اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔

وزیر علی پرویز ملک نے ریفائننگ انڈسٹری کی ترقی کو سپورٹ کرنے اور صارفین کے لیے سستی و پائیدار توانائی کی فراہمی پر حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انڈیا کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں، پاکستانی ریفائنریز کے سی ای اوز نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان مسلح افواج کی ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ضروری انتظامات، بشمول سٹریٹجک ایندھن کے ذخائر اور بلا تعطل پیداواری صلاحیت، قومی دفاعی ضروریات کو کسی بھی صورت حال میں سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہیں۔ وزیر ملک نے ریفائنریز کے پیشگی اقدامات کی تعریف کی اور شہری و فوجی دونوں شعبوں کے لیے توانائی کی سلامتی یقینی بنانے میں حکومت کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ ریفائنریز کے پاکستان کے توانائی سپلائی چین میں اہم کردار ہے۔ ہم اپ گریڈیشن، ایندھن کے معیار کو بہتر بنانے اور طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سازگار پالیسی ماحول فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ یہ تعاون توانائی کی سلامتی اور معاشی ترقی کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے، جو ملک کو مستقبل میں ایک مضبوط اور پائیدار پٹرولیم سیکٹر فراہم کرے گا۔ ریفائنریز کے سی ای اوز نے وفاقی وزیر کی سپورٹ کی تعریف کی اور اپ گریڈیشن ، فنانشل اصلاحات میں حکومتی تعاون اور شعبے کے عملی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے اس شعبے کو آگے بڑھانے کے لیے باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وفد میں پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او زاہد میر، پارکو کے منیجنگ ڈائریکٹر ارتضیٰ قریشی، اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او عادل خٹک، سائنرجیکو کے سی ای او عامر عباسی اور نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او اسد حسن شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری پٹرولیم مومن آغا، ایڈیشنل سیکرٹری ظفر عباس، اور ڈائریکٹر جنرل آئل عمران احمد بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592739

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں