کوئٹہ۔ 06 مئی (اے پی پی):تربت یونیورسٹی میں ’’سکلز ڈویلپمنٹ ‘‘ کے عنوان سے 5 روزہ تربیتی ورکشاپ 9مئی تک جاری رہے گی۔ ورکشاپ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن حکومت پاکستان اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی ) کے زیر اہتمام اور تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے، جس میں یونیورسٹی کے طلبہ اورعملے کے ارکان شرکت کر رہے ہیں۔
تربیتی ورکشاپ کا مقصد آئی ٹی کے طلبہ اور پروفیشنلز کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنااور ان کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ ان کوروزگار کےمواقع فراہم کرنا ہے۔تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرپرسن ڈاکٹر راشد علی اور ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر سمیر زہری نے ریسورس پرسنز کوتربت یونیورسٹی آمدپر خوش آمدید کہا اور یونیورسٹی میں اس اہم اور مفید ورکشاپ کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں تربت یونیورسٹی طلبہ کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو فروغ دینے اور آئی ٹی کے شعبے میں ان کی استعداد بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593242