راولپنڈی۔6مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا میلہ ایک روز وقفے کے بعد (کل) بدھ کو ایک بار پھر راولپنڈی میں اپنے رنگ بکھیرے گا۔ کرکٹ کے دیوانوں کو ایک بار پھر سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ میگا ایونٹ کا چھبیسواں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ رات 8 بجے شروع ہو گا۔
یہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا دوسرا مقابلہ ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں جگہ بنا چکی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے، خاص طور پر جب اسے مسلسل تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سعود شکیل کریں گے جب کہ ٹیم میں رائیلی روسو، فن ایلن، مارک چیپمین، کائل جیمیسن، فہیم اشرف، ابرار احمد اور حسن نواز جیسے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں۔ گلیڈی ایٹرز اب تک 8 میں سے 5 میچز جیت چکی ہے اور 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ آل راؤنڈر شاداب خان کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔
ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں میں کولن منرو، جیسن ہولڈر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، عماد وسیم، سلمان آغا، کائل میئرز اور محمد نواز شامل ہیں۔ یونائیٹڈ نے بھی 8 میچز میں سے 5 میں فتح حاصل کی ہے اور 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شائقین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پی ایس ایل کے شائقین کی نظریں اس بڑے مقابلے پر مرکوز ہیں، جو نہ صرف ٹیبل کی پوزیشن بلکہ ٹیموں کے حوصلے اور اعتماد کے لیے بھی فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593469