کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ سماجی بہبود ، انسداد منشیات اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری سماجی بہبود ولی محمد نورزئی ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبد الباسط ،سیکرٹری سماجی بہبود عصمت اللہ قریش، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری بابر خان اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات سمیت اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں ماہ بلوچستان کو منشیات سے پاک ماہ کے طور پر منایا جائے گا
وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس منشیات کے ہینڈلرز اور اسپلائرز کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کریں اور کوئٹہ سٹی نالہ مکمل طور پر منشیات کے عادی افراد سے پاک کیا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیر انتظام منشیات بحالی مرکز میں زیادہ سے زیادہ منشیات کے عادی افراد کا علاج ممکن بنایا جائے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے چند غیر فعال سرکاری عمارات محکمہ سماجی بہبود کے حوالے کئے جائیں گے جہاں منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور علاج کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ سماجی بہبود منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے حوالے سے اپنے استعداد کار میں مزید اضافہ کر کے اسے وسعت دے اور اس سے متعلق کارکردگی رپورٹ 15 دنوں میں پیش کی جائے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف عمارات بنانا نہیں بلکہ انکو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے احسن انداز سے استعمال میں لانا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو منشیات کی برائی سے پاک کرنا ہےہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ سماج کو مکمل طور منشیات کی لعنت سے پاک کرینگے تاکہ ایک صحت مند اور تعمیری معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594123