31.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںنیپا کے 43 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے افسران کا بی...

نیپا کے 43 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے افسران کا بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کے 43 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے افسران نےفیلڈ ریسرچ کیلئے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) اسلام آباد کے 43 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) کے 14 افسران پر مشتمل ایک وفد نے فیلڈ ریسرچ کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے ایڈیشنل ڈائریکٹنگ سٹاف ڈاکٹر سیدہ فائزہ عروج کے زیر قیادت افسران کے وفد کا استقبال کیا۔اس دورے کا بنیادی مقصد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے آپریشنز، ادارہ جاتی فریم ورک اور پاکستان بھر میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کے نفاذ میں اس کے کردار کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا ۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پروگرام نے لاکھوں پسماندہ خواتین کو قومی شناخت فراہم کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعہ استعمال کئے جانے والا بائیو میٹرک تصدیق کا نظام شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کو سماجی تحفظ کے شعبے میں ایک "انقلابی پروگرام” اور "گیم چینجر” قرار دیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایات کے مطابق ضرورت مند خواتین کو باعزت طریقہ سے رقوم کی شفاف تقسیم کو یقینی بنارہا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے بی آئی ایس پی کے ذریعہ معاشرے کے سب سے زیادہ مستحق طبقات کی مدد کے لیے ادارہ جاتی کوششوں سے آگاہ کیا ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مالی امداد براہ راست اہل گھرانوں کی خواتین کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے، یہ ایک منفرد اور موثر طریقہ ہے جو خاندان میں خواتین کے مرکزی کردار کو اہم بناتاہے۔ انہوں نے ایم سی ایم سی جیسے پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کی تعریف کی۔سیشن کے آغاز میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور نے بی آئی ایس پی کے ادارہ جاتی ڈھانچے، اس کی وسیع ملک گیر موجودگی اور اس کے سٹریٹجک مقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ادارے کے اہم اقدامات بشمول بینظیر کفالت، بینظیر تعلیمی وظائف ، بینظیر نشوونما، قومی سماجی-اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر)، ڈیجیٹل ادائیگی کا نیا ماڈل اور بینظیر ہنرمند پروگرام کا خاکہ پیش کیا۔بریفنگ کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا، اس انٹر ایکٹو سیشن میں ایم سی ایم سی افسران نے بی آئی ایس پی حکام سے پروگرام کی پالیسی اور آپریشنل پہلوئوں کے بارے میں سوالات کئے۔

اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر سیدہ فائزہ عروج نے تفصیلی بریفنگ پر بی آئی ایس پی مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور خواتین کی معاشی خود مختاری پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ غربت سے نمٹنے کے لیے پروگرام کے موثر کام کو سراہا۔ نیپا کی جانب سے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594126

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں