اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے جمعہ کو اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے ) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر آئی ایچ آر اے نے وزیر صحت کو ادارے کے امور اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وزارت اور اس کے ماتحت تمام ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئےہائی الرٹ ہیں ، اس سلسلے میں مربوط اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ وزیر صحت کی ہدایت پر اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ایک اہم مراسلہ جاری کیا گیا ہے،مراسلے کے مطابق اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ایمرجنسی ہیلتھ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے،تمام ہسپتالوں کو 30 فیصد بستر جنگ یا ایمرجنسی کی صورت میں مخصوص کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،
کسی بھی ناگہانی یا ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کا مفت علاج یقینی بنایا جائے گا،تمام بلڈ گروپس اور اینٹی سیرا کے خون کے تھیلوں کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے ،خون کے عطیہ دہندگان کی تازہ فہرست مرتب کی جائے، تمام بائیو میڈیکل آلات، مشینری، آپریشن تھیٹرز، وینٹی لیٹرز، اور ایم آر آئی مشینوں کی فعالیت یقینی بنائی جائے ۔ہسپتالوں میں میڈیکل، نرسنگ اور معاون عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے گا،
ریسکیو 1122، ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔ ہسپتالوں میں فعال جنریٹرز اور بلاتعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔مواصلاتی نظام، بشمول ٹیلیفون ایکسچینج اور موبائل نیٹ ورک، مکمل فعال ہوں۔سیکورٹی ادارے ہائی الرٹ پر رہیں اور زخمیوں کی فوری رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594991