مکہ المکرمہ۔10مئی (اے پی پی):عازمین حج کو مناسک کی ادائیگی کے دوران سہولیات کی فراہمی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان کی قیادت میں ایک معائنہ ٹیم نے جمعہ کے روز منیٰ میں قائم کیمپوں کا دورہ کیا ۔ٹیم نے رہائشی کیمپوں ، باورچی خانوں، کلینکس اور بیت الخلاء کی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ الراجیحی پراجیکٹ کوآرڈینیٹر نے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ہر کیمپ کے داخلی دروازے پر کیو آر کوڈ سسٹم بھی موجود ہے تاکہ معلومات تک آسان رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ کوآرڈینیٹر مکہ نے زائرین کو اعلیٰ درجے کی سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے الراجیحی ٹیم کو ہدایت کی کہ صاف ستھرا کھانا، مناسب طبی سہولیات اور عرفات، جمرات اور مزدلفہ کے لیےراستوں کی واضح نشاندہی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انہوں نے کیمپوں میں گلیوں کے نمبر بھی شامل کرنے اور کیو آر کوڈز میں راستوں کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ منیٰ میں زائرین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان نے کہا کہ تمام کیمپ مکمل طور پر ائیر کنڈیشنڈ ہوں گے تاکہ زائرین کو آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ہر کیمپ میں صوفہ کم بیڈ کی سہولت ہوگی تاکہ زائرین بیٹھنے اور سونے کے لیے ان کا استعمال کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کے سامان کو محفوظ بنانے کے لیے کیمپوں میں اونچی الماریوں میں وافر جگہ بھی فراہم کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں ذوالفقار خان نے بتایا کہ منیٰ کے لئے سابقہ نظام کو ایک بہتر فلاحی عملے کی تربیت کے ساتھ بدل دیا گیا ہے۔ اس میں منیٰ، عرفات، مزدلفہ، جمرات اور ان سے متعلقہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے تربیتی امور شامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595092