31.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںانتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرے گا،...

انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرے گا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے بھرپور صبر وتحمل کے بعد آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کیا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کو خطے میں بالادستی کا دعویٰ کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، گزشتہ رات کے ایئر بیسز پر بھارتی حملوں کے بعدپاکستان کی سول اور ملٹری قیادت کے پاس جواب دینے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں تھا، جب بات منافقت اور دوہرے معیار کی ہو تو ہم ایک حد سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پوری قوم کی دعائوں سے اللہ تعالیٰ ہمیں فتح عطا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کی اولین ذمہ داری ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج پرعزم ہیں کہ بھارت کو اپنی بالا دستی کا دعویٰ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج (ہفتہ کو)شروع کیا گیا آپریشن کسی نہ کسی طرح ختم ہو جائے گا تاہم یہ سب کچھ اس بات پر منحصر ہے کہ بھارت کیا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقدامات دفاعی نوعیت کے تھے اور پاکستان اب بھی بھارت کے سابقہ اقدامات کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارتی حملوں کا فیصلہ کن جواب دیا اور 5 بھارتی جیٹ طیاروں کو مار گرایا، ہم نے جارحانہ کارروائی نہیں کی بلکہ جو کارروائیاں کی گئی ہیں وہ دفاعی نوعیت کی ہیں اور دنیا کے سامنے واضح ہیں۔

وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بھارت مسلسل جھوٹ بول رہا ہے اور اب تک ہم نے بھارت کے 80 سے زیادہ ڈرون مار گرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحمل سے کام لیا اور اب ہم جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ ایک مناسب جوابی کارروائی ہے، اگر بھارت اپنی اشتعال انگیزی جاری رکھتا ہے تو مزید رد عمل بھی آئے گا۔ پاکستان کی قیادت کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ وسیع تر رابطوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھارت کے گمراہ کن دعوئوں اور بالخصوص پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات کے بارے میں تیزی سے آگاہ ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بھی اس حملے کے حوالے سے الزامات پر ثبوتوں کی عدم فراہمی پر اپنی حکومت پر سوالات اٹھانا شروع کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ عالمی برادری بھارت کو جوابدہ بنائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے جھوٹے دعوئوں کے برعکس امریکا نے بھی با ضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی ایف 16 طیارہ تباہ نہیں ہوا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ 24 اپریل کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت اور اقدام کا جواب دینے کےلئے تیار ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595187

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں