کوئٹہ۔ 10 مئی (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نےبھارت کی اشتعال انگیزیوں کے جواب میں پاک فوج کی موثرکارروائیوں پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن "بنیان المرصوص” بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کی درخشاں مثال ہے۔ قوم کو اپنی بہادر افواج پر ناز ہے جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر وقارِ وطن بلند کیا۔
ہفتہ کو اپنے بیان میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ جس جرات،حکمت اور جذبے سے پاک فوج نے دشمن کو جواب دیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کی خواہش کی،لیکن اپنی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے پاک فوج کی جرات مندانہ کارروائی دنیا کے لیے پیغام ہے کہ ہم امن پسندضرور ہیں لیکن کمزور نہیں۔
مشیر وزیراعلی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، لیکن اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں،پاک فوج کے افسر اور جوان قوم کا فخر اور پاک دھرتی کے حقیقی محافظ ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قوم یکجہتی کے ساتھ متحد ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص دشمن کی شکست، عسکری قوت، قومی اتحاد اور پختہ عزم کا مظہر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595191