27.7 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںقومی ایمرجنسی کے پیش نظر تمام صوبوں میں رضاکاروں کی تعداد میں...

قومی ایمرجنسی کے پیش نظر تمام صوبوں میں رضاکاروں کی تعداد میں مزید اضافہ ، انہیں متحرک ، تمام صوبوں کے مابین رابطہ اور کوارڈینیشن کو مزید موثر بنایا جائے،چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے قومی ایمرجنسی کے پیش نظر تمام صوبوں میں رضاکاروں کی تعداد میں مزید اضافہ اور انہیں متحرک اور تمام صوبوں کے مابین رابطہ اور کوارڈینیشن کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ملکی ایمرجنسی صورت حال اور اس حوالے سے تیاریوں کے جائزہ کے لئے اہم اجلاس کا انعقاد ہفتہ کو ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، وزارت تعلیم سمیت پنجاب، کے پی کے، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے سول ڈیفنس کے افسران کے علاوہ صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بزریعہ زوم لنک شرکت کی۔

- Advertisement -

اجلاس کے دوران چیئرمین سی ڈی اے و ڈی جی سول ڈیفنس نے موجودہ ملکی حالات میں تمام صوبوں کے مابین رابطہ اور کوارڈینیشن کو مزید موثر بنانے اور رضاکاروں کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے سول ڈیفنس اور متعلقہ افسران نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی بھرپور تیاریاں کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں اور فوکل پرسنز بھی نامزد کردئیے گئے ہیں،موجودہ حالات کے پیش نظر نجی و سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بیڈز اور وارڈ مختص کردئیے گئے ہیں،موجودہ ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد سمیت پورے ملک میں ایمبولینسز اور فائر فائٹرز 24/7 الرٹ ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھرمیں رضاکاروں کو متحرک کردیا گیا ہے، جبکہ رضا کاروں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنے اورکسی بھی ایمر جنسی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کے لئے بھر پور تیاری مکمل ہے،ملک بھر میں سول ڈیفنس اور دیگر صوبائی اداروں نےرضاکاروں کو انخلاء، آگ بجھانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تربیت دی گئی ہے، مزید افراد کو تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

بریفننگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت سے سیف سٹی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہیں اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کو یقینی بنایا جارہا ہے، اسلام آباد شہر اور پورے ملک میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے آگاہی کے لیےمختلف مقامات پر سائرن لگائے گئے ہیں، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر رضاکاروں نے اسلام آباد سمیت ملک بھر کی بلند عمارات میں مشقی ڈرلز (موک) مکمل کر لی ہیں، جبکہ مزید مشقوں کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مساجد میں اعلانات کے انتظامات بھی مکمل ہیں، ایمرجنسی صورتحال کے بروقت رسپانس کے لئے فائر بریگیڈز کی گاڑیاں ، فائر فائٹرز اور متعلقہ عملہ بھی مستعد اور متحرک ہے۔

اس موقع پر محمد علی رندھاوا نے قومی ایمرجنسی کے پیش نظر تمام صوبوں میں رضاکاروں کی تعداد میں مزید اضافہ جبکہ ان کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام صوبوں اور دیگر مقامات پر بلڈ ڈونرز کی لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں،ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے تمام اضلاع میں افسران کو ایمرجنسی ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے۔ محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم، ہوم ڈیپارٹمنٹ ، ریسکیو، سمیت دیگر اداروں کے مابین مؤثر کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے ، شہریوں میں من گھڑت اور فیک نیوز کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی اختیار کی جائے تاکہ شہریوں کو مکمل اور مصدقہ خبریں بروقت پہنچائی جائیں ۔

چئیرمن سی ڈی اے و ڈی جی سول ڈیفنس نے مزید کہا کہ سکولوں ،کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کو پورے ملک میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سول ڈیفنس کی مشقیں کروائی جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر پراگرس رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان، اور املاک کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ہم سب ایک ٹیم ہیں ۔کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبرد آزما ہونے اور اس پر مکمل قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595233

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں