اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بھارت کے جارحانہ اقدامات پر تنقید اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے، جس سے بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کیا گیا اور پاکستان کی فتح ایک بڑی پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر نے ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی کامیابی میں ا اللہ تعالیٰ نے مدد کی ہے ہماری فتح بھارت کی جارحیت کا واضح جواب ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تمام تر دستیاب ذرائع استعمال کرے گا اور بھارت کی اشتعال انگزیوں کا جواب دینے کے لیے اپنے قانونی حقوق کو بروئے کار لائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت کو مسلسل اشتعال انگیزیوں اور حملوں کا اب منہ توڑ جواب ملا ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعظم پاکستان نے پلوامہ واقعے کی شفاف، آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی اور عالمی برادری کو تحقیقات کی دعوت دی تھی لیکن بھارت نے پاکستان کی پیشکش کو نظر انداز کردیا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان مسائل کے حل کے لیے مستقل کمیشن کے قیام پر بھی آمادہ تھا لیکن بدقسمتی سے یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہو سکی۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دنیا بھارت کے جارحانہ اقدامات کو روکنے میں ناکام رہی تو پاکستان مزید جارحانہ جواب دینے پر مجبور ہو گا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی 40 سالہ جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے باوجود بھارت نے ہمیشہ جھوٹ پھیلایا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595239