اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):نیشنل پریس کلب کی ادبی کمیٹی کے زیرِ اہتمام صحافی و شاعر سجاد لاکھا کی زیر صدارت شگفتہ جبیں کی شعری تصنیف ” زخمِ تنہائی “ کی تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ تقریب میں معروف سیاسی شخصیت فرحت اللہ بابر مہمانِ خصوصی تھے ، صدر این پی سی اظہر جتوئی ، معروف کاروباری و سماجی شخصیت ظفر بختاوری اور کراچی سے آئے مہمان ایم این اے احمد سلیم صدیقی ، سید شمیم حیدر ، ڈاکٹر اسرار شاہ ، صحافی صغیر چوہدری اور عصمت اللہ ہاشوانی نے شگفتہ جبیں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کتاب کو شعری ادب میں عمدہ اضافہ قرار دیا ۔ مقررین نے کہا کہ ’’زخمِ تنہائی ‘‘ بہت عمدہ شعری تخلیق ہے ، شگفتہ جبیں لفظ کی قدر سے واقف ہیں
کتابوں کا مسلسل شائع ہونا خوش آئند ، لکھنے والے تھکے نہیں ، یہ کتاب گلزارِ حیات سے کشیدہ گُلدستہ ہے، کتاب کا نام درد کے تسلسل کو ظاہر کرتا ہے ، اس تقریب نے جنگ زدہ ماحول میں سکون بخشا ، تخلیق ہمیشہ جانکاہ ہوتی ہے ، شاعرہ نے سچائی کے ساتھ واقعات کو بیان کیا ۔ اس موقع پر شاعرہ شگفتہ جبیں نے اپنی نظمیں سنا کر خوب داد سمیٹی ۔ قبل ازیں معروف مزاح نگار شاعر شہباز چوہان نے اشعار سنا کر تقریب کو زعفران زار بنا دیا ۔ سجاد لاکھا نے صدارتی کلمات میں معروف سینئر صحافی الیاس چوہدری کو کتاب کی اشاعت اور خوب صورت تقریب کا محرک ہونے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔ آخر میں چیئرمین ادبی کمیٹی مشکور علی نے شکریہ کے ساتھ اختتامی کلمات ادا کیے ، نظامت خالد مجید ملک نے نبھائی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595283