لاہور۔11مئی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدرعاطف اکرام شیخ،ریجنل چیئرمین زین افتخار چوہدری، سرپرست اعلی یوبی جی ایس ایم تنویر، نائب صدر ذکی اعجاز، نائب صدر عون علی سید و دیگر بزنس کمیونٹی لیڈرز نے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہماری افواج نے نہ صرف وطنِ عزیز کا چپہ چپہ بہادری سے محفوظ کیا بلکہ غیر معمولی تحمل، اسٹریٹجک بصیرت اور شجاعت کا مظاہرہ بھی کیا،پاک فوج نے دنیا کو دکھا دیا کہ جدید ترین ہتھیار بھی مہارت، منصوبہ بندی، جذبے اور حب الوطنی کے عزم کا متبادل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ان کی مثالی قیادت و دفاعی صورتحال، خصوصا ”آپریشن بنیان المرصوص” کے دوران پختہ تدبر پر اعلی ترین خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، دشوار حالات کے باوجود، ہماری قوم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، ہماری مارکیٹیں کھلی رہیں اور ہمارا کاروبار جاری رہا، یہ سب کچھ اس لیے ممکن ہوا کیونکہ پوری قوم کو اپنی افواج کی صلاحیت اور تیاری پر مکمل اعتماد تھا، پاک فوج نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری ہمیشہ ہماری مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
ان جنگی حالات میں بزنس کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہتا ہوں کہ ان نے ملک میں کسی بھی چیز کی قلت نہیں ہونے دی،بزنس کمیونٹی سمیت ہر پاکستانی نے مل کر محب وطن ہونے کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم ان تمام خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں جنہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران اپنے پیاروں کو کھویا ہے، ہمارے معصوم بچے، بہنیں اور بھائی جو شہید ہوئے، ہماری اجتماعی جدوجہد کے خاموش شہدا بن چکے ہیں، اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے، پوری قوم ان کے غم میں شریک اور ان کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی ہمارے قومی میڈیا کے ذمہ دار اور محب وطن کردار کو بھی سراہتا ہے
بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دار، جھوٹی اور گمراہ کن رپورٹنگ کے برعکس، ہمارے صحافیوں اور نشریاتی اداروں نے قومی مفاد اور صحافتی اقدار کو عزت اور وقار کے ساتھ نبھایا،ان کٹھن حالات میںہماری قومی یکجہتی ایک بار پھر ہماری سب سے بڑی طاقت بن کر ابھری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595749