29.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںچین میں پاکستانی سفارتخانہ اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن بیجنگ کا "دل...

چین میں پاکستانی سفارتخانہ اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن بیجنگ کا "دل سے پاکستان” کے نام سے مشترکہ فنڈ ریزنگ کا انعقاد

- Advertisement -

بیجنگ۔11مئی (اے پی پی):چین میں پاکستانی سفارتخانہ اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن بیجنگ (پی ڈبلیو اے بی) نے”دل سے پاکستان” کے عنوان سے ایک فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا، جس کی قیادت پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی،  کی اہلیہ مریم محمود نے کی ۔ اس موقع پر متعدد اسپانسرز نے تھیلیسیمیا سے لڑنے والے بچوں کی مدد کے لیے بڑی دلیری سے عطیات دیئے۔ تھیلیسیمیا ایک خون کی بیماری ہے جس کے علاج کے لیے زندگی بھر طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔

- Advertisement -

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اس تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ایک نیک مقصد ہے جو تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی مدد کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے پی ڈبلیو اے بی کی انتھک محنت کو سراہا اور عطیہ دینے والوں کے فراخدلی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے چینی برادری اور سفارتی کرپس کے شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس تقریب کا حصہ بنے۔

سفیر نے عالمی اور علاقائی چیلنجز، خاص طور پر بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی روشنی ڈالی، جیسا کہ غزہ میں بے گناہ بچوں اور شہریوں کی بے رحمانہ اموات سے ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو بھارت کی پاکستان کے خلاف فوجی جارحیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور جس میں درجنوں بے گناہ شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کو شہید کیا گیا۔

انہوں نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی مذمت کی جس نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگائے اور غلط معلومات پھیلائیں۔ سفیر ہاشمی نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے عوام، زمین، فضاؤں اور سمندروں کی حفاظت کرنے کی اپنی صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے ایگزیکٹو چیئرمین لونگ یوژینگ نے چین-پاکستان دوستی کے لیے طویل عرصے سے تعاون کرنے والے تمام دوستوں کا دل سے شکریہ ادا کیا اور اس نیک مقصد کے لیے آگے آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہارویسٹ ایپاک اسٹریٹیجک (انٹرنیشنل) انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے جنرل منیجر مسٹر ہنری مان ہن چان نے پاکستان تھیلیسیمیا ویلفیئر سوسائٹی کو دو لاکھ کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595804

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں