پشاور۔ 14 مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ نوجوان ہمارے صوبہ میں ہیں، اس صوبہ کی تقدیر بدلنے کے لیئے مسیحا کے انتظار کے بجائے ہمیں خود محنت کرنی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رنڑا ویلفیئر آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کابینہ کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں ہلال الدین ، ذوالفقار خان ، ابوبکر خان ، اعجاز، جویریہ ، ملیحہ ، عبداللہ اور دیگر شامل تھے۔
وفد نے یوتھ انگیجنٹ وویمن امپاورمنٹ کے حوالہ سے گورنر خیبرپختونخوا کے کردار کو سراہا اور نوجوانوں کےلئے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے نئی نسل کو کردار ادا کرنا ہوگا، باشعور نوجوان ملک کا اثاثہ ہوتے ہیں، آپ کو یہ شعور پھیلانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بچے اور بچیاں باصلاحیت ہیں، گورنر ہاؤس کے پاس وہ وسائل نہیں ہیں جو صوبائی حکومت کے پاس ہیں تاہم ہمارے دروازے آپ کےلیے کھلے ہیں، نوجوان قابل عمل تجاویز لائیں، اسکی تکمیل میں گورنر ہاؤس بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ اس موقع پر وفد نے گورنر خیبر پختونخوا کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی.
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596857