پشاور۔ 15 مئی (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ اجلاس کا انعقادکیا گیا۔وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور انتظامی سیکرٹریز سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت کے خلاف اس شاندار فتح پر مسلح افواج اور پوری قوم مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، ان شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ ہیں اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس جارحیت میں خیبر پختونخوا کے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے،شہدا کے ورثا کو 50، 50 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے دئے جائیں گے، متلعقہ ممبران اسمبلی مقامی انتظامیہ کے حکام کے ساتھ آن شہدا اور زخمیوں کے گھروں میں جا کر انہیں امدادی پیکج جلد ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوہستان میں سامنے آنے والی مبینہ مالی بے ضابطگی کے خلاف نیب کی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہیں، خوش آئند بات ہے کہ نیب نے اس کیس میں کچھ ریکوریاں بھی کی ہے، صوبائی حکومت اس سلسلے میں نیب کو بھر پور سپورٹ فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نیب کو تحقیقات کے لئے جو بھی دستاویزات درکار ہوں گی، صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی، اس کیس میں جو بھی لوگ اور ادارے ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، بدعنوانی کے اس کیس میں ملوث عناصر کے خلاف کسی اور ادارے سے زیادہ سخت کارروائی صوبائی حکومت خود کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ کابینہ اراکین پریس کانفرنس کے ذریعے اس کیس کے حقائق عوام کے سامنے رکھیں، اس کیس کی حکومتی سطح پر تحقیقات کے لئے کابینہ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،کمیٹی کی سربراہی وزیر اعلی خود کریں گے جس میں متعلقہ کابینہ اراکین اور ممبران صوبائی اسمبلی شامل ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597331