اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ بجلی، اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی عوامی ریلیف پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ جمعرات کو سینیٹرز، اراکینِ صوبائی اسمبلی، پارلیمینٹیرینز، وکلاء، طلباء اور قبائلی عمائدین پر مشتمل مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر پہلے بھی عوامی ریلیف کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی، اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی عوامی ریلیف پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے اپیل کی کہ موجودہ معاشی دباؤ کے پیشِ نظر آئندہ بجٹ کو عوام دوست بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ریلیف ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں، ایسے میں ان کی زندگی آسان بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھرپور انداز میں سرگرمِ عمل ہیں اور قائدمحمد نواز شریف سے مسلسل رہنمائی حاصل کر رہے ہیں جس کے باعث پالیسیوں میں تسلسل اور بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کو مؤثر حکمتِ عملی سے قابو میں لایا جا رہا ہے اور معیشت کو درست سمت میں لانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے، اس کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کی ترقی ہے، حکومت بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لئے پرعزم ہے، تعلیم، انفراسٹرکچر، صحت اور روزگار کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔وکلاء وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ وکلاء معاشرے میں قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، حکومت عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانے اور وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
طلباء سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، ان کی تعلیم و تربیت، رہنمائی اور مواقع کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی رائے، تجاویز اور مسائل سے باخبر رہ کر ہی بہتر پالیسی سازی ممکن ہے، اور اس طرح کے ملاقاتیں اس سلسلے کا اہم حصہ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597365