31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے معروف کمپنی نیسلے کے اعلیٰ سطحی...

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے معروف کمپنی نیسلے کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے معروف کمپنی نیسلے کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ۔اس موقع پر نیسلے کے وفد نے انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل سمیت بچوں کے خشک دودھ (انفنٹ ملک پاوڈر)پر عائد ٹیکسز کا معاملے پر تبادلہ خیال کیا ۔

جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ بچوں کے دودھ پر عائد ٹیکسز کو کم سے کم کیا جائے تاکہ ہر شہری کو اس بنیادی ضرورت تک باآسانی رسائی مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے دودھ کا تعلق نوزائیدہ اور کمسن بچوں کی نشوونما سے ہے لہٰذا اس پر یا تو کوئی ٹیکس نہیں ہونا چاہئے یا بہت معمولی ٹیکس عائد ہونا چاہئے۔

- Advertisement -

رانا تنویر حسین نے وفد کو بتایا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور جلد ہی خوش آئند پیشرفت متوقع ہے۔رانا تنویر حسین نے اس موقع پر دیگر ممالک کی مثالیں بھی پیش کیں جہاں بچوں کے دودھ پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ اور آئرلینڈ میں انفنٹ ملک پاوڈر پر کوئی ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) نہیں ہے۔

اسی طرح آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی بچوں کے خشک دودھ کو بنیادی غذائی ضرورت تسلیم کرتے ہوئے اسے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ان ممالک کی پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایسی حکمت عملی اپنانا ضروری ہے تاکہ ہر خاندان کو اپنے بچوں کے لئے معیاری دودھ تک باآسانی رسائی مل سکے۔وفاقی وزیر نے نیسلے کے وفد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی مصنوعات میں پاکستان کے مقامی پھلوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں تاکہ دیہی علاقوں کے کسانوں کو معاشی فائدہ پہنچے اور ملکی زرعی پیداوار کو فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے دیہی خاندان بچوں کے دودھ کی پیداوار اور فروخت پر انحصار کرتے ہیں لہٰذا حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ ان کی معاشی حالت میں بہتری آئے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اس اہم مسئلے کے حل کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے گی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔ اس مشاورتی عمل کے ذریعے بچوں کے دودھ پر ٹیکسز میں کمی کے حوالے سے قابل عمل تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597384

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں