راولپنڈی۔16مئی (اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے نہ صرف دشمن کو بدترین شکست سے ہمکنار کیا بلکہ دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنا جانتا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ہماری نوجوان نسل تعلیم کے میدان میں بھی دشمن کو شکست دے ہمیں سرحدوں کے ساتھ ساتھ دشمن کے خلاف ہر محاذ پر متحد اور پرعزم رہنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یومِ تشکر کے حوالے سے باوقار اور جذبہ حب الوطنی سے لبریز تقریب کے انعقاد پر کیا گیا۔تقریب کے آغاز میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی جبکہ سکیورٹی گارڈز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں اجتماعی دعا میں پاکستان کی سالمیت اور ہمیشہ قائم ودائم رہنے کی دعا کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کا ملک و قوم کی سلامتی پر شکر بھی ادا کیا گیا۔
اس موقع پر بہادر افواج پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔تقریب میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ، اعلیٰ افسران اور طالبات نے جوش و خروش سے نہ صرف شرکت کی بلکہ جذبہ حب الوطنی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے پاکستان ہمیشہ زندہ باد اور افواج پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597812