37.7 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومتازہ ترینپیپرا نے سرکاری خریداری کے شعبے میں جامع تربیتی پروگرام کا آغاز...

پیپرا نے سرکاری خریداری کے شعبے میں جامع تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے ’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘وژن کے تحت پاکستان میں شفاف، موثر اور عالمی معیار کی سرکاری خریداری کے نظام کے قیام کے ضمن میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے اشتراک سے خریداری اور کانٹریکٹ منیجمنٹ کے شعبے میں مہارت بڑھانے کے لیے جامع تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔وزیراعظم کے سرکاری خریداری کے نظام کو شفاف، موثر اور احتسابی بنیادوں پر استوار کرنے کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپرا پہلے ہی عالمی بینک اور ملک کی ممتاز جامعات کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد نہ صرف خریداری کے نظام کے لیے ایک جدید فریم ورک کی تشکیل ہے بلکہ یونیورسٹی کے نصاب میں پروکیورمنٹ سے متعلق تعلیمی مواد شامل کر کے پیشہ ور افراد کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی ہے۔

اسی مقصد کے تحت پیپرا اور نسٹ کے پروفیشنل ڈویلپمنٹ سینٹر کی جانب سے شروع کئے جانے والے دوسرے بیچ میں چار ماہ کے خصوصی ڈپلومہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز 18 مئی 2025ء کو اسلام آباد میں کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد سرکاری و نجی شعبے کے ماہرین، قانونی مشیروں، کنسلٹنٹس اور ترقیاتی شعبے کے ماہرین کو جدید خریداری قوانین، معاہداتی نظم و نسق اور عالمی معیار کی عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔پیپرا کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی نے اس موقع پر کہا کہ یہ پروگرام صرف تربیت نہیں بلکہ خریداری نظام میں ایک نئے دور کا آغاز ہے، یہ اقدام سرکاری افسران، نجی شعبے کے ماہرین، سپلائرز، کاروباری اداروں اور ترقیاتی شعبے کے ماہرین کو خریداری کے ضوابط، بہترین عملی طریقوں اور معاہدہ سازی کے حوالے سے تربیت حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے تمام متعلقہ فریقین بشمول حکومتی اداروں پر زور دیا کہ اس تربیتی پروگرام میں بھرپور شرکت کریں تاکہ شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کے مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

- Advertisement -

اس تربیتی پروگرام کے کورس میں شفاف عوامی خریداری کے اصول، قانونی و ریگولیٹری فریم ورک، کانٹریکٹ منیجمنٹ، ای پروکیورمنٹ بذریعہ ای پیڈز، بین الاقوامی منصوبوں کی خریداری، پبلک پرائیوٹ پارٹرنرشپ ماڈلز اور جدید خریداری کے حکمت عملیوں کا جائزہ جیسے موضوعات شامل ہیں۔ حسنات احمد قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر وفاقی اداروں میں خصوصی پروکیورمنٹ سیلز قائم کیے جا چکے ہیں اور ای پیڈز کے ذریعے خریداری کا نظام نافذ کیا جا چکا ہے، ان سیلز میں تعینات افسران کو مسلسل تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی میں بہتری کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597920

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں