اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اسلام آباد(آئی بی سی سی )نے جمعہ کو ’یوم تشکر‘ نہایت عقیدت و احترام سے منایا جس میں آپریشن’’ بنیان مرصوص ‘‘اور ’’معرکہ حق ‘‘میں بھارت پر پاکستان کی فیصلہ کن فتح کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ یہ پُروقار تقریب آئی بی سی سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔ اس موقع پر افسران، عملہ اور اسناد کی تصدیق کے لئے آئے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد ملی نغمے پیش کئے گئے اور افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں اور پیشہ وارانہ مہارت پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔ شرکاء نے یکجہتی اور حب الوطنی کے نعرے لگائے اور ملک کی خودمختاری کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کرنے والے عسکری قیادت و جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس یادگار لمحے کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ شرکاء نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہماری قومی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے، آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘اور ’’معرکہ حق ‘‘نے نہ صرف پاکستان کی عسکری برتری کو ثابت کیا بلکہ قومی اتحاد، یکجہتی اور اللہ تعالیٰ پر غیر متزلزل یقین کو بھی مضبوط کیا، وزیرِاعظم کی مدبرانہ قیادت اور چیف آف آرمی سٹاف کی دوراندیش کمانڈ کے تحت افواجِ پاکستان نے جرأت اور حکمت عملی کا ایک بے مثال نمونہ قائم کیا، دشمن کو فیصلہ کن انداز میں شکست ہوئی ہے اور انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ پاکستان اپنی علاقائی خودمختاری کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو علاقائی اور عالمی استحکام کا خواہاں ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی تو وطن کے بہادر سپوت اس کا بھرپور اور مؤثر جواب دیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنی افواج اور سیاسی قیادت کے شانہ بشانہ دشمن کے ہر مذموم عزائم خصوصاً بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کوکو ناکام بنانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ، ہماری سرحدیں مقدس ہیں اور ہم اپنے وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع بے مثال عزم کے ساتھ کریں گے۔تقریب کا اختتام وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کے لئے اجتماعی دعا سے ہوا اور افواجِ پاکستان سے غیر متزلزل حمایت کے اعادہ کے ساتھ کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598019