لاہور۔17مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین چین کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،انہوں نے چین کی 15 سے زائد بڑی سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتیں کیں اور 4 بڑے سرمایہ کار گروپوں کے ساتھ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے ،ان معاہدوں کے تحت پنجاب میں نئے کارخانے لگیں گے اور اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
چوہدری شافع حسین کے گزشتہ دورہ چین کے دوران بھی متعدد کمپنیوں سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے تھے۔ چین کی ویوو موبائل کمپنی نے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں اپنا کارخانہ لگانا شروع کردیا ہے ، 2 سال میں یہ مکمل ہو گا اور موبائل فون پنجاب میں بننا شروع ہو جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے دورے کے دوران 6 سے زائد فیکٹریوں کا وزٹ بھی کیا اور پیدا واری عمل کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران متعدد بڑے سرمایہ کار گروپوں سے سود مند ملاقاتیں اور 4 بڑے سرمایہ کار گروپوں سے پنجاب میں مختلف شعبوں میں کارخانے لگانے کے حوالے سے معاہدے ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا ایسا مخلص دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں ساتھ کھڑا رہا ، بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں بھی چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور اسے اپنی جنگ سمجھ کر پاکستان کا ساتھ نبھایا ،جنگ میں شاندار کامیابی پر پاکستانیوں کی طرح چین کی حکومت اور عوام بھی ہے حد خوش ہیں اور چین کے لوگوں کے ساتھ مل کر مجھے ان کی اس خوشی کا اندازہ ہوا ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ معیشت کے میدان میں بھی چین پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کررہا ہے اور اس کی سرمایہ کار کمپنیاں تیزی سے پنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے مکار دشمن کو عبرت ناک شکست دی ، بہادر افواج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ،پاکستانی مسلح افواج نے جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کردی ،اپنی بہادر افواج کی بدولت ہی ہم آج محفوظ ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598153