29.4 C
Islamabad
اتوار, مئی 18, 2025
ہومقومی خبریںلائن آف کنٹرول کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں...

لائن آف کنٹرول کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،وفاقی وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ

- Advertisement -

نیلم۔ 17 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ بھارتی گولہ باری کے متاثرین کی حوصلہ افزائی اور گولہ باری سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے نیلم پہنچ گئے۔ جورا، شاہکوٹ اور بگنہ میں بھارتی گولہ باری سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کو ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں ہونے والے شہداء، زخمیوں اور نقصانات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر مملکت رانا ثناء اللہ بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والے افراد کے گھر بھی گئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

- Advertisement -

انہوں نےشہداء کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔وفاقی وزیر مملکت نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں شہید ہونے والے 02 افراد کے ورثاء کو 01 کروڑ روپے فی کس امدادی چیک دئے جبکہ بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں 02 شدید زخمی افراد کو 20 لاکھ فی کس اور 04 زخمی افراد کو 10 لاکھ فی کس کے چیک دئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کو بلا جواز مسلط کی گئی اپنی ہی جنگ میں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انڈیا نے دوبارہ غلطی کی تو اس سے بڑھ کر جواب ملے گا۔

بھارت نے بلا جواز سویلین آبادی کو ٹارگٹ کر کے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا۔لائن آف کنٹرول کے عوام نے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان، افواج پاکستان آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پوری قوم کا حوصلہ اور جذبہ شہادت قابل فخر ہے۔

جس قوم میں شہادت پانے کا یہ جذبہ موجود ہو اس کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ ہمیں اپنی مسلح افواج اور حکومت پر پورا اعتماد ہے۔پاکستان نے موثر سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیاہے۔

وزیر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر آپ کی حوصلہ افزائی کیلئے آپ کے پاس تشریف لایا ہوں۔دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔لائن آف کنٹرول کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598216

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں