اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو سفارتی وفد کی قیادت دینا دانشمندانہ فیصلہ ہے۔اتوار کو اپنے بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ بلاول بھٹو کی سیاسی اور سفارتی صلاحیتوں کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جاتا ہے، بھٹو خاندان نے ہمیشہ ہر محاذ پر ملک کا بہترین طریقے سے دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سفارتی خدمات کو دنیا آج بھی کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے،بطور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی کارکردگی مثالی رہی اور پاکستان کے موقف کو دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے پہنچایا گیا تھا۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ وزیراعظم کے فیصلے سے پاکستان کی عالمی ساکھ میں اضافہ ہوگا جبکہ اس فیصلے کو سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل ہے،بلاول بھٹو نے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کو جس طرح عالمی سطح پر بے نقاب کیا وہ بے مثال ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598504