پشاور۔ 18 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع خوبصورتی میں سوئٹزر لینڈ اور یورپ سے زیادہ خوبصورت ہیں ، صوبہ میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ منصوبہ جات کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل ہلز اسلام آباد کے زیر اہتمام پشاور میں سرمایہ کاروں، پراپرٹی ڈیلروں، کاروباری اور سماجی شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔
تقریب سے فیصل ہلز کے روح رواں چوہدری عبد المجید، ہارون رئیل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز کے چیف ایگزیکٹو حاجی اختر دین محسود، معروف کاروباری شخصیت فیض اللہ خان وزیر، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ پشاور آمد پر چوہدری عبدالمجید، ان کے ساتھیوں اور میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید ہے کہ وہ صوبے میں سرمایہ کاری کر کے ترقی کی راہ ہموار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ میں جدید سہولیات سے آراستہ منصوبہ جات کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ ہماری کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں، خیبرپختونخوا کے شمالی علاقے بالخصوص وزیرستان امن کی بحالی کے بعد سیاحت اور سرمایہ کاری کے لیے دنیا کے خوبصورت ترین مقامات بن سکتے ہیں، اگر یہاں امن قائم ہو جائے تو لوگ سوئٹزرلینڈ اور یورپ کی خوبصورتی بھول جائیں گے، انہوں نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور مشکل حالات کے باوجود کاروبار جاری رکھنے والی تاجر برادری اور چیمبر آف کامرس کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
گورنر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں بدقسمتی سے نئے شہر آباد نہیں ہو رہے، جس کے باعث مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ نئے شہر آباد کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ ترقی اور خوشحالی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے چوہدری عبدالمجید کو یقین دلایا کہ اگر وہ صوبے میں رہائشی یا کمرشل منصوبے شروع کریں تو انہیں ان کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔
گورنر نے کہا کہ پشاور کا مستقبل ہائی رائز بلڈنگز اور جدید رہائشی منصوبوں سے جڑا ہے، اس لیے ملازمت پیشہ اور سفید پوش طبقے کے لیے بھی منصوبے متعارف کرائے جائیں، اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، فیصل ہلز کے روح رواں چوہدری عبد المجید اور دیگر مہمانوں کو خصوصی پگڑیاں پہنائی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598506