کوئٹہ۔ 18 مئی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کسی بھی ملک و قوم کی زندگی میں ریڑھ کی ہڈی حاصل ہے، ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے، ہمیں ایک ایسی حکمت عملی وضع کرنی چاہیے جو انکی ضروریات اور ہماری تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کو پورا کرے۔.انہوں نے بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز صاحبان پر زور دیا کہ وہ ایک ایسے تعلیم دوست ماحول کی تشکیل کریں جہاں ہمارے نوجوان ترقی کر سکیں
، نت نئی ایجادات کر سکیں اور اپنے سماج پر بامعنی اثرات ڈال سکیں۔ مستقبل نوجوانوں کا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ انہیں وہ مواقع اور سہولیات دیں جو انہیں کامیاب ہونے کیلئے درکار ہیں۔ اپنے ایک بیان میں گورنر مندوخیل نے کہا کہ معیاری تعلیم اور جدید مہارتیں اب اختیاری نہیں رہیں بلکہ روزمرہ کی زندگی کے لازمی حصے ہیں. ہمیں اپنے نوجوانوں کو اس مسابقتی دور میں کامیابی کیلئے درکار آلات سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کا کہنا ہے کہ بیروزگاری ایک بہت بڑا مسئلہ ہے لیکن یہ بات یقین کے ساتھ کی جا سکتی ہے کہ اکیڈمیہ اور مارکیٹ کے درمیان خلیج کو ختم کرکے ہم روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں اور ایک روشن مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کرام پر بالخصوص ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ نوجوانوں کو ہم نصابی سرگرمیوں میں مشغول کریں جو صحت مند رجحانات کو فروغ دیتی ہیں، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں اور کردار کی تعمیر کرتی ہیں۔ ایسا کرنے سے، ہم ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل ہو جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598549