34.4 C
Islamabad
پیر, مئی 19, 2025
ہومکھیل کی خبریںاحسن ایاز آئندہ ماہ امریکہ میں اٹلانٹا اوپن اور آفتاب جاوید میموریل...

احسن ایاز آئندہ ماہ امریکہ میں اٹلانٹا اوپن اور آفتاب جاوید میموریل اوپن سکواش ایونٹ میں شرکت کریں گے

- Advertisement -

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستان کے مایہ ناز سکواش کے کھلاڑی احسن ایاز آئندہ ماہ امریکہ میں ہونے والے اٹلانٹا اوپن اور آفتاب جاوید میموریل مینز اوپن ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے ۔25-2024 پی ایس اے سکواش ٹور کے دوران کولی ویل اوپن میں فتح حاصل کرنے کے بعد اپنا دوسرا پی ایس اے ٹائٹل جیتنے والے احسن ایاز نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ 26 ویں اٹلانٹا اوپن ٹورنامنٹ جو 4 سے 8 جون تک کھیلا جائے گا اور آفتاب جاوید میموریل مینز اوپن جو ہوسٹن میں 11 سے 15 جون تک شیڈول ہے میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں ٹورنامنٹس کے لئے مکمل طور پر تیار ہوں اور دونوں ایونٹس میں اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت ملک کا نام روشن کروں گا۔احسن ایازکو کھیلوں میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ایچ بی ایل پی ایس ایل ہمارے ہیروز ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے سکواش چیمپئن احسن ایاز کو رواں سال کے اوائل میں صوبائی دارالحکومت میں منعقد ہونے والی چھٹی میٹرکس پاکستان یوتھ سمٹ کے دوران پرائڈ آف خیبر پختونخوا ایوارڈ 2025 سے بھی نوازا گیا ۔امریکی سکواش لیول 3 کے سرٹیفائیڈ کوچ احسن ایاز اس وقت ہوسٹن، امریکہ میں مقیم ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے ایسنسیا بزنس سکول (یو اے ای) سے پروجیکٹ مینجمنٹ میں ایم بی اے اور پشاور یونیورسٹی سے ریاضی اور کمپیوٹر سائنس میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نہ صرف ایک ایتھلیٹ کے طور پر بلکہ ملک کے نوجوانوں کے لئے ایک انسان دوست اور سرپرست کے طور پر بھی پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال احسن ایاز کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری گیند پر سنسنی خیز مقابلے میں ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اپنی ایتھلیٹک کامیابیوں کے علاوہ، وہ انسان دوستی کے لئے گہری وابستگی رکھتے ہیں، وہ جگر اور گردے کی بیماریوں سے لڑنے والے مریضوں کی فعال طور پر حمایت کرتے ہیں اور پسماندہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کام کرتے ہیں۔ اپنی بااثر سوشل میڈیا موجودگی کے ذریعے وہ پاکستان میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی اور کھیلوں کے کلچر کے فروغ کی حمایت کرتے ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598681

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں