بہاولپور۔ 19 مئی (اے پی پی):وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ایلومنائی کے افراد قومی اور عالمی سطح پر نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں،ایلومنائی کے جامعہ سے روابط کے فروغ کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سابقہ طلباء وطالبات مادرِ علمی سے جڑ کر اس کی تعمیر وترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں جامعہ اسلامیہ بہاولپور کی ایلومنائی کے ایک وفد سے ملاقات کے دورا ن کیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجیئنرنگ یو ای ٹی لاہور ، ڈاکٹر تنویر قاسم پی آر او یو ای ٹی لاہور ،اعجاز احمد فقی صدر آئی یوبین ایلومنائی، خواجہ خالد آفتاب سائوتھ ایشیاء گلوبل چینل ، رانا خالد قادری سابق ایڈوائزروزیر اعلیٰ پنجاب ، سجاد صدیقی ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسمبلی اور محمد احمد ایڈوکیٹ ایلومنائی موجود تھے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ جلد ہی آئی یوبی ایلومینائی کا اوورسیز چیپٹر تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ بیرون ممالک خصوصاً عالمی اِداروں میں خدمات سرانجام دینے والے ایلومنائی سے روابط پیدا کیے جا سکیں۔ فوری طور پر 2ہزار ایلومینائی کا ڈیٹا اکٹھا کر کے ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا تاکہ یہ افراد جامعہ کی ترقی خصوصاً معاشی بحالی میں شریک ہو سکیں۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے مالی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا آغاز دیا گیا ہے ،اساتذہ اور طلباء وطالبات سے براہ راست رابطے میں ہیں اور وائس چانسلر دفتر ان سب کے لیے کھلا ہے،طلباء وطالبات کے لیے پنچایت نامی فورم تشکیل دیا جا رہا ہے ،اس فورم کے تحت ہفتے میں ایک دن طلباء وطالبات کے لیے مخصوص ہوگا اور وہ اپنے مسائل اور اُن کے فوری حل کے لیے براہ راست وائس چانسلر سے ملاقات کر سکیں گے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں میرٹ کا یکساں نفاذ اور سب کے لیے ایک جیسا برتاؤ یقینی بنایا جائےگا ،اس کے لیے ایلومنائی کو چاہیے کہ وہ آگے آئیں اور یونیورسٹی میں میرٹ کی سربلندی ، تعلیمی معیار کی بہتری اور ترقی کے لیے ساتھ دیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ ماہ جون سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی سو سالہ تقریبات کا آغاز ہو جائے گا ،اس سلسلے میں پاکستان اور بیرون ممالک سے سو نمایاں ایلومینائی کو ملک وقوم کے لیے اعلیٰ خدمات کو سراہا جائے گا اور یونیورسٹی کے لیے خدمات پر راغب کیا جائے گا،سو سالہ تقریبات کے سلسلے میں ایلومنائی کی ایک بڑی تقریب اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں منعقد ہو گی ،جس میں بڑی تعداد میں ایلومینائی کو مدعو کیا جائے گا،اسلام آباد اور لاہور ایلومنائی چیپٹر کو بھی مستحکم کیا جائے گا اور اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598753